وارانسی،18/جون (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش کے وارانسی شہر میں تمام مندروں اور دیگر ثقافتی وراثت کے 250 میٹر کی دوری پر شراب اور گوشت کی خرید وفروخت پر مکمل پابندی لگے گی۔اس تناظر میں میونسپل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایک قرارداد منظور کی ہے۔وارانسی میونسپل (وی ایم سی) نے دو دن پہلے اس تاریخی اور مذہبی نگری میں مندروں اور تاریخی مقام کے 250 میٹر کی دوری میں شراب اور گوشت کی خریدوفروخت پر مکمل پابندی عائد کی تجویز منظور کی ہے۔وی ایم سی کے نائب صدر نرسمہا داس نے کہاکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کونسلر راجیش یادو نے مندروں اور دیگر وراثتی مقام کے250 میٹر کی دوری میں شراب اور گوشت کی خرید وفروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی۔یہ فیصلہ میئر مردلا جیسوال کی صدارت میں وی ایم سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں لیا گیا۔یادو نے اپنی تجویز کی حمایت میں کہا کہ ہردوار اور ایودھیا کی طرح یہاں بھی مکمل پابندی لگنی چاہیے۔داس نے کہا کہ بحث کے بعد قرارداد منظور کر دی گئی۔ اسے وی ایم سی کی اگلی میٹنگ میں پیش کیا جائے گا، جس میں منظور ہونے کے بعد اسے حتمی منظوری کے لئے ریاستی حکومت کے پاس بھیجا جائے گا۔قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش کے وزیر اعلی نے اس سے پہلے اپریل میں وارانسی، ایودھیا، چترکوٹ، دیوبند، دیوا شریف، مسرکھ -نیمشاری میں تمام عبادت گاہوں پر شراب کی دکانوں اور گوشت پر پابندی عائد کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے آبکاری محکمہ کے حکام کو وارانسی میں کاشی وشوناتھ مندر، متھرا میں کرشن جنم بھومی اور الہ آباد کے سنگم علاقے میں ایک کلو میٹر فاصلے تک شراب کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کے ہدایات دے دیئے تھے۔اس کے پہلے سال 2017 میں کاشی وشوناتھ مندر میں آرتی اور درشن کے لئے ٹکٹ کی آن لائن بکنگ کی سہولت شروع کی گئی تھی۔اس کے تحت جو لوگ مندر نہیں جا سکتے ہیں وہ آرتی میں آن لائن موجودگی درج کر سکتے ہیں اور انہیں پرساد ڈاک کی طرف دیا جاتا ہے۔